بھٹکل 16 فروری (ایس او نیوز) تعلقہ کے بیلکے جنگلاتی علاقہ میں کیروکی روڈ پر ایک چیتا مردہ حالت میں پایا گیا ہے جس کو لے کر سمجھا جارہا ہے کہ الیکٹرک شاک لگنے سے اس کی موت واقع ہوئی ہے۔ مگر تعجب کی بات یہ ہے کہ اس مردہ جانور کا ایک ناخن غائب ہے جس سے اس کی موت کو لے کر شبہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ بیلکے پنچایت حدود کے "کیروکی" روڈ پر پیر شام کو چیتا کی نعش نظر آئی، چیتے کی عمر لگ بھگ دس سال ہے، اس کی دُم کے بال جلے ہوئے انداز میں پائے گئے ہیں جس سے شک ظاہر کیا جارہا ہے کہ الیکٹرک وائر کو اس کی دُم چھو گئی ہوگی جس سے اس کی موت واقع ہوئی ہے۔ گمان کیا جارہا ہے کہ چیتا غالباً جنگل سے کسی بندر کا پیچھا کرتے ہوئے متعلقہ جگہ پر پہنچا ہوگا، بندر جب جان بچانے کے لئے درخت پر چڑھنے لگا تو چیتا بھی اُس کا پیچھا کرتے ہوئے درخت پر چڑھنے لگا، جہاں اس کی دُم الیکٹرک وائر کو چھوگئی جس سے پورے بدن میں بجلی دوڑ گئی اور وہ نیچے گرپڑا، جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔
چیتے کی نعش پائی جانے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ جنگلات کے آفسران جائے وقوع پر پہنچے او ر جائزہ لیا۔ بعد میں چیتے کی نعش کو جانوروں کے ڈاکٹر متھن راج نے پوسٹ مارٹم کیا، مزید جانچ کے لئے چیتے کے جسم کے کچھ حصے فورنسیک لیباریٹری بھی روانہ کئے گئے ہیں۔ اس دوران پتہ چلا ہے کہ چیتا کو جملہ 18 ناخن ہونے چاہئے تھے مگر اس چیتے کا ایک ناخن غائب ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ایک ناخن کی قیمت کم و بیش 15 ہزار روپیہ ہے۔ اس ضمن میں پتہ لگایا جارہا ہے کہ آیا ناخن کسی نے چوری کئے ہیں یا کیسے ناخن غائب ہوئے ہیں۔ اے سی ایف بال چندرا، آر ایف او سویتا دیواڑیگا سمیت دیگر محکہ جنگلات کے اہلکار موجود تھے۔
